فلسطین کےمقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں آج منگل کو علی الصباح ایک فلسطینی شہری کی کار کی ٹکر سے چار یہودی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی فوجیوں نے حملہ آور فلسطینی پر گولیاں چلائی ہیں جس کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ علی الصباح الزعترہ چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا جب ایک فلسطینی نوجوان نے سڑک پرکھڑے یہودی فوجیوں پر اپنی کار چڑھا دی۔ زخمی ہونے والوں میں ایک کرنل اور میجر بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں حملہ آور کی شناخت 21 سالہ عزمی نفاع کے نام سے کی گئی ہے جس کا آبائی تعلق جنین شہر سے بتایا جاتا ہے۔
اسرائیلی طبی امدادی ادارے” ڈٰیوڈ ریوڈ کریسنٹ” کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی کار سوار کی گاڑی کی ٹکر سے چار یہودی فوجی زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔ اخبار ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والےفوجیوں کی تعداد تین ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک فدائی حملہ آور فلسطینی نے فوجی اہلکارں پر کار چڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں چار فوجی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ فوجیوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فلسطینی حملہ آور کو گولیاں ماری ہیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا ہے۔ زخمی فلسطینی نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔