فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر سلفیت میں ’’بیت اریہ‘‘ نامی یہودی کالونی کے قریب دیر اللبن کےمقام پر ایک فلسطینی شہری نے کار کی ٹکر سے چار اسرائیلی فوجی کچل دیے اور خود بہ حفاظت وہاں سے فرارمیں کامیاب ہوگیا۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ جمعرات کی شام ایک تیز رفتار کار نے ’’بیت اریہ‘‘ یہودی کالونی کے قریب سڑک پر کھڑے چار فوجیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی فوجیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اسرائیل کے طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے فوجیوں کی عمریں بیس سال کے لگ بھگ ہیں۔ ان میں سے ایک کو معمولی زخم آئے ہیں جب کہ تین کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں یکم اکتوبر کے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ کے دوران فلسطینی شہریوں کی انفرادی مزاحمتی کارروائیوں میں 23 صہیونی ہلاک اور 250 زخمی ہوچکے ہیں۔
گذشتہ روز سلفیت میں جس یہودی کالونی کے قریب یہودی فوجیوں کو گاڑی تلے کچلا گیا ہے وہ 1981 ء میں قائم کی گئی تھی۔ یہ کالونی مقامی فلسطینی قصبے اللبن کی 1653 دونم ارضی ہتھیانے کے بعد بنائی گئی۔ ایک دونم ایک ہزار مربع میٹر کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاح ہے۔ دس کلو میٹر پھیلی اس کالونی میں کئی کار خانے بھی قائم ہیں۔ سنہ 2005 ء میں اس کالونی میں یہودیوں کی تعداد 3400 تھ اور اب اس میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔