رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کی حمایت میں منظور کی جانے والی امریکہ کی یکطرفہ قراردادوں کے مقابلے میں ڈٹ جائے اور فلسطینی عوام کا ساتھ دے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین کی سرکاری خبررساں ایجنسی وفا نے رپورٹ میں کہا ہے کہ پیر کے روز وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کے عوام، بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم اور اپنے سفارت خانے منتقل کرنے والی حکومتوں کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنے قومی اور قانونی حقوق کی بازیابی تک مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے دسمبر دو ہزار سترہ کو تمام ترعالمی مخالفت کے باوجود بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
امریکہ کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد چار سو اٹھہتر کے منافی ہے جس میں دنیا کے تمام ملکوں کو بیت المقدس میں سفارتی دفاتر کے قیام سے منع کیا گیا ہے۔
مئی دو ہزار اٹھارہ میں امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کے بعد سے مقبوضہ علاقوں میں بدامنی کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے اور فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کر گئی ہیں جن کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔