مسجد اقصی کے خطیب اور سپریم اسلامک کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عکرمہ صبری نے فلسطینی مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ جمعرات کے روز واقعہ معراج کی یاد میں جوق در جوق مسجد اقصی آئیں۔
بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں علامہ عکرمہ صبری نے کہا کہ مسلمانوں کے لئے واقعہ معراج کی برکات سے فائدہ اٹھانا غنیمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ اسراء اور معراج کی یاد میں نمازیں مسجد اقصی میں ادا کریں اور وہاں اللہ سے گڑ گڑا کر قبلہ اول کی حفاظت اور اسے درپیش خطرات سے محفوظ رکھنے کی دعا کریں۔ ڈاکٹر صبری نے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ اس موقع پر الحرم القدسی الشریف میں منعقد ہونے والی درس اور وعظ و نصیحت کی مجالس میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔
شیخ عکرمہ صبری نے اپنے بیان میں اس جانب خصوصی طور پر اشارہ کیا کہ حالیہ کچھ عرصے سے مسجد اقصی کے کمپاٶنڈ میں انتہا پسند یہودی تنظیموں کے دھاوے بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی سرپرستی میں ہونے والی ان کارروائیوں کا مقصد قبلہ اول کا کنٹرول حاصل کرنا ہے۔
ڈاکٹر صبری نے اس موقع پر عرب اور اسلامی ملکوں سے خصوصی اپیل کی ہے وہ فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنی کوششوں کو تیز کریں اور اس مقصد کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد کو فروغ دیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
