(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف سرگرم مزاحمتی تنظیم ’’المجاھدین بریگیڈٰ‘‘ نے اسرائیل کی جانب سے عائد الزام مسترد کردیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ المجاھدین بریگیڈ مصرمیں بھی عسکری کارروائیوں میں ملوث ہے۔
رپورٹ کے مطابق المجاھدین بریگیڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کی تمام تر سرگرمیاں فلسطین کے اندر اور غاصب صہیونی تسلط کے خلاف ہیں۔ تنظیم کا بیرون ملک کوئی نیٹ ورک ہے اور نہ اس کے کارکن کسی دوسرے ملک میں عسکری کارروائیاں کرتے ہیں۔بیان میں کہاگیا ہے کہ ہمارا دشمن واضح ہے اورہم اپنے ملک کے اندر ایک غاصب دشمن کے خلاف نبرد آزما ہیں۔ المجاھدین بریگیڈ پربیرون ملک عسکری کارروائیوں کاالزام عائد کرنا تنظیم کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش ہے اور جماعت اسرائیل کے اس الزام کو یکسر مسترد کرتی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکام کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے محمد نزال نامی ایک فلسطینی کو حراست میں لیا ہے جس نے دوران تفتیش المجاھدین بریگیڈ سے اپنا تعلق ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ دعویٰ کیا ہے کہ وہ مصرسے عسکری کارروائیوں میں سرگرم رہا ہے۔
