رام اللہ اتھارٹی کی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے مغربی کنارے کے شہر الخلیل سے معروف فلسطینی مصنفہ لمی خاطر کے شوہر حازم فاخوری کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا ہے۔ ان کی گرفتاری پر فلسطین بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
لمی خاطر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ فلسطینی اتھارٹی کی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کی بڑی تعداد نے گھر پر حملہ کیا اور تلاشی شروع کردی، گھر کا سارا سامان الٹ پلٹ کر رکھ دیا گیا، اہلکاروں نے فاخوری کو گرفتاار کرنے کے ساتھ ساتھ انکے موبائل اور کمپیوٹر پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران ان کی اہلکاروں کے ساتھ تو تو میں میں بھی ہوئی، اہلکاروں نے مجھے گرفتار کرنے کیلئے خاتون پولیس اہلکاروں کو بھیجنے اور مقدمہ چلانے کی دھمکیاں بھی دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں گھر میں فاخوری کا لیپ ٹاپ تلاش کرتے رہے، لیپ ٹاپ پر قبضے کے بعد ایک اہلکار نے کسی کو فون کرکے بتایا کہ انہوں نے فاخوری کے موبائل وغیرہ پر قبضہ کرلیا ہے۔ اہلکاروں نے لمی خاطر کو بتایا کہ ان کا شوہر تین ہفتے تک ان کے پاس رہے گا۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ’’فیس بک‘‘ پر لمی خاطر کا کہنا ہے کہ شوہر کی گرفتاری کے بعد اب وہ نئے عزم کے ساتھ شہریوں کے خلاف فلسطینی اتھارٹی کی جرائم پر لکھیں گی۔ اتھارٹی کی دھمکیاں اور اوچھے ہتھکنڈے انہیں اسکے کے جرائم سے پردہ اٹھانے سے نہیں روک سکتے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے حازم فاخوری کو گزشتہ روز حماس کے دیگر کارکنوں کے ہمراہ تفتیشی مرکز میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے اتھارٹی کی خفیہ ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر جانے سے انکار کر دیا تھا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
