اسرائیلی وزیردفاع نے انٹرنیشنل اسلامک ریلیف تنظیم کی فلسطین میں فلاحی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
اسرائیلی ریڈیو کے مطابق وزیردفاع موشے یعلون نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلامک ریلیف ایک غیر قانونی تنظیم ہے جو مغربی کنارے میں حماس کی سرگرمیوں میں مدد کر رہی ہے۔ اسرائیل اس تنظیم پر پہلے بھی پابندی عائد کر چکا ہے۔
ریڈیو کے مطابق اسلامک ریلیف حماس کو فنڈز فراہم کرتی ہے۔ فلسطین کے علاوہ اس تنظیم کے برطانیہ، امریکا اور آسٹریلیا سمیت کئی دوسرے ملکوں میں شاخیں موجود ہیں جو فلسطینیوں کو فنڈز فراہم کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے اسلامک ریلیف کی سرگرمیوں پر ایک ایسے وقت میں پابندی عائد کی ہے جب مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے حماس کے خلاف ظالمانہ کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
