فلسطینی شہرمقبوضہ بیت المقدس میں رہائش پذیر افریقی تارکین وطن کی ایک کالونی پر قابض اسرائیلی فوج نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں خواتین اور بچوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے منگل کو مسجد اقصیٰ کے باب الناظر کے قریب واقع افریقی تارکین وطن کی کالونی پر دھاوا بولا، وہاں پرموجود شہریوں خصوصا خواتین اور بچوں کو گھروں سے نکال کر باہر گھیسٹا اور دیر تک انہیں پیٹتے رہے۔ صہیونی دہشت گردی سے تنگ غیرملکی شہریوںاور مقامی فلسطینی باشندوں نے احتجاج کیا تو صہیونی فوج نے ان پر زہریلی اشک آور گیس کی بھوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں کئی افراد دم گھٹنے سے زخمی ہوئے ہیں۔افریقی کالونی کے ایک باشندے ناصر قوس نے میڈیا کو بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے ایک نوجوان کوپکڑنے کے لیے کالونی پر مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے یلغار کردی۔ صہیونی فوج کی دہشت گردی کے خلاف شہری گھروں سے باہر نکل آئے اوراسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ کالونی کے رہائشیوں اور صہیونی فوج کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی، جس کے بعد قابض فوج نے طاقت کا بھرپور استعمال کرکے کئی افراد کو زخمی کردیا۔ زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جنہیں مقامی اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
