(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی ریاست نے برازیل کو پیغام دیا کہ "یہ یہودیوں پر حملہ ہے جس کو ہم نہ بھولیں گے نہ معاف کریں گے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے برازیلی صدر لولا ڈی سلوا کی جانب سے ایتھوپیامیں افریقی یونین کانفرنس سے خطاب میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو دوسری جنگ عظیم میں نازیوں کے مظالم سے تشبیہ دینے پرسخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں صیہونی وزیراعظم نے کہا کہ برازیلین صدر کا بیان ہولوکاسٹ کو معمولی بنانا ہے،ان کا یہ بیان یہودیوں اور اسرائیل کے حق دفاع پر حملہ ہے، اسرائیل کا نازیوں اور ہٹلر سے موازنہ کرنا سرخ لکیر عبور کرنا ہے۔
دوسری جانب” اسرائیل نے لولا ڈی سلوا کے بیان کو ہالوکاسٹ اور یہودیوں کی تذلیل قرار دیتے ہوئے برازیل کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا ، صیہونی ریاست کے وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے برازیل کے سفیر کو پیغام دیا کہ غزہ کو ہولوکاسٹ سے تشبیہ دینا سرخ لکیر عبور کرنا ہے، ہم معاف نہیں کریں گے ۔
انھوں نے کہا کہ میں اپنے اور اسرائیل کے شہریوں کی جانب سے کہہ رہا ہوں کہ صدر لولا کو بتا دیں کہ جب تک وہ اپنا بیان واپس نہیں لیں گے تب تک وہ اسرائیل کے لیے ناپسندیدہ شخصیت رہیں گے۔