(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل نے مسلسل 447 ویں دن بھی غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر بمباری جاری رکھی، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت مزید 38 فلسطینی شہید اور 137 زخمی ہوگئے۔
وزارتِ صحت غزہ کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والے ان حملوں میں شہداء کی تعداد 45,399 اور زخمیوں کی تعداد 107,940 تک پہنچ چکی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں اب بھی کئی شہداء ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، اور سڑکوں پر بھی کئی زخمی موجود ہیں جن تک امدادی ٹیمیں اور شہری دفاع کے عملے کو رسائی حاصل نہیں ہو پا رہی، کیونکہ جگہ جگہ ملبے کا ڈھیر اور غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی مسلسل بمباری امدادی کاموں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
تازہ حملوں میں جبالیہ البلد کے علاقے میں ایک گھر پر بمباری کے نتیجے میں چار افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ جبالیہ النزلہ میں بھی حملوں سے کئی افراد زخمی ہوئے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل نے شمالی غزہ مکے واحد اسپتال کمال عدوان کے اردگرد شدید بمباری کی، جس کے نتیجے میں دو امدادی کارکن شہید اور ہسپتال کے دروازے کے قریب سے ایک شہیدہ کا جسم برآمد ہوا۔
اسرائیلی ڈرون نے ہسپتال کے داخلی راستے پر ایک بم پھینکا، جس سے صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ علاوہ ازیں، صیہونی فوج نے ہسپتال کے اردگرد گھروں کو بھی نذرِ آتش کر دیا، جبکہ غزہ کے جنوبی علاقوں میں الطیران کی شدید بمباری اور توپ خانے کے حملے جاری ہیں۔