فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطین کے وزیر برائے قانون و انصاف ایڈوکیٹ محمد فرج الغول نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال اور جنگی جرم ہے۔
عالمی برادری بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت کی تحقیقات کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے تحت کارروائی کرے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی وزیر نے کہا کہ فلسطینی قوم اسرائیلی جارحیت سے خوف زدہ ہو کر جہاد اور آزادی کا راستہ ترک نہیں کرے گی۔ اسرائیلی جتنی مرضی جارحیت مسلط کرے، فلسطینی عوام اور مزاحمتی تنظیمیں اپنی جانوں پر کھیل کر اپنا دفاع کریں گے اور دشمن کو خاک چاٹنے پر مجبور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی اسیران کی جیلوں سے رہائی کے بعد فلسطینی عوام کو حاصل ہونے والی خوشی کو برداشت نہیں کر پا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ اس نے فلسطینیوں کی جشن کو ماتم میں تبدیل کرنے کی جسارت کی ہے۔
فلسطینی وزیر قانون و انصاف نےعرب ممالک اورعالم اسلام پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی حکومت کو فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے سے روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔
الغول کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے جنگی جرائم اس قدر خطرناک ہیں کہ ان کا ٹرائل صرف عالمی فوجداری عدالتوں میں ہو سکتا ہے۔