(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ)غزہ پر اسرائیلی جارحیت نہ رک سکی ، صیہونی فوج نے النصیرات اسکول پر لڑاکا طیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 9 بچوں سمیت مزید 17 فلسطینی شہید ہوگئے ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 52 ہوگئی جبکہ 132 زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔مشرقی غزہ میں جبالیہ ، بیت لاھیہ اور بیت ھانون سمیت دیگر علاقوں میں بدترین محاصرہ جاری ہے جس کے باعث گذشتہ 20 روز سے علاقے میں خوراک ادویات سمیت امداد کا کوئی سامان نہیں پہنچا ہے۔ بھوک کے ہاتھوں ہزاروں فلسطینیوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے جبکہ صیہونی فوج فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کےپر بھی عمل درآمد کررہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ پر سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 42 ہزار 8سو 47 ہوگئی جبکہ ایک لاکھ 5سو 44 زخمی ہیں جبکہ 20 ہزار سے زائد لاپتہ ہیں۔