(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ پر اسرائیلی دہشتگردی اپنے 423 ویں دن میں داخل ہو گئی ہے، جہاں غاصب صیہونی ریاست نے علاقے میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کی جنگ کو روکنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ اس جنگ کے دوران 140,000 سے زیادہ فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ دس ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ قحط کی صورت حال نے درجنوں بچوں اور بوڑھوں کی جان لے لی ہے، جس سے انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔
اتوار کو شمالی غزہ کی پٹی میں کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں اسرائیل کے حملوں سے تباہ ہونے والے گھروں کے ملبے تلے تقریباً 200 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ شمالی غزہ میں جاری تباہی کے نتیجے میں انسانی جانوں کا نقصان مسلسل بڑھ رہا ہے، اور شہریوں کی حالت مزید ابتر ہو چکی ہے۔