فلسطین کی آئینی حکومت نے غزہ کے تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کے لیے حجاب ضروری قرار دیے جانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے-
فلسطینی وزیر تعلیم ڈاکٹر محمد عسقول نے واضح کیا کہ اس طرح کے فیصلوں کی غزہ میں ضرورت نہیں ہے کیونکہ غزہ میں وہ اقدار قائم ہیں جو ہمارے عقیدے کا حصہ ہیں اور جس کو ہم نے وراثت میں حاصل کیا ہے- غزہ کی بیٹیاں مجموعی طور پر باحیا اور باپردہ ہیں- غزہ میں تعلیمی سہولیات کے حوالے سے ڈاکٹر محمد عسقول نے کہا کہ حکومت غزہ میں تعلیمی ضروریات پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی- تعلیمی شعبے میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے- گزشتہ سال سے بہتر نتائج حاصل کریں گے- غزہ میں ’’فلسطین‘‘ سکول میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس تعلیمی میدان میں بہت سی رکاوٹیں آئیں- گزشتہ برس ہم نے تعلیم کو بچانے کے ذرائع تلاش کیے جبکہ اس سال تعلیم کی ترقی کے ذرائع تلاش کریں گے-