فلسطینی شہرغزہ کی پٹی پر صہیونی فوج کی تازہ بمباری میں متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب صہیونی فوج کے جنگی طیاروں اور ٹینکوں نے شہر کے وسط میں البریج کیمپ میں گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں کم سے کم ایک شہری شہید اور متعدد زخمی بتائے جاتے ہیں۔
البریج کیمپ سے مرکز اطلاعات فلسطین کےنامہ نگار نے بتایا کہ کیمپ کے مشرق میں صہیونی فوج کے ٹینک جمعہ کی شام ہی پہنچ گئے تھے، رات کوانہوں نے شہر میں وقفے وقفے سے گولہ باری جاری رکھی۔ شہر میں زور دار دھماکوں کی آوازیں اب بھی سنائی دے رہی ہیں اور کئی مقامات سے دھوئیں کے بادل بھی اٹھتے دکھائی دیتے ہیں۔
ادھر ذرائع کےمطابق شہداء اقصیٰ اسپتال میں آج صبح ایک پینتیس سالہ ماجد البناھین کو لایا گیا تھا جو بعد ازاں انتقال کر گیا، تاہم اس کے بارے میں یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ آیا اس کی موت کیوں کر ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی پرصہیونی فوج کی مسلسل گولہ باری جاری ہے گذشتہ ہفتے اسی طرح کی لگاتار گولہ باری اور بمباری کے نتیجے میں پانچ افراد اشہید اور ایک درجن زخمی ہو گئے تھے۔