عبرانی میڈیا ذرائع کے مطابق ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردوگان نے کہا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات اس وقت تک معمول کی سطح پر نہیں آئیں گے جب تک کہ غزہ پر مسلط محاصرہ اٹھا نہیں لیا جاتا۔
انقرہ میں ہسپانوی وزیر اعظم ماریانو راجوئے کے ساتھ پریس کانفرنس کے موقع پر اردوگان نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل سے ایک تحریری اعلامیہ مانگا ہے جس میں غزہ پر مسلط محاصرہ اٹھانے کے نتیجے میں ایک مفاہمتی معاہدے پر دستخط کئے جائینگے اور اسرائیل اور ترکی کے تعلقات معمول کی سطح پر لوٹ جائینگے۔
اردوگان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور یہ بدستور جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی کو اسرائیل کی طرف سے معافی نامہ مل گیا ہے اور 2010 میں معاوی مارمرہ کشتی پر حملے کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ کو مالی معاوضہ دینے پر بات چیت جاری ہے۔
مگر اردوگان کا کہنا تھا کہ غزہ پر سے محاصرہ اٹھانے سے متعلق ابھی تک کوئی بات آگے نہیں بڑھی ہے۔ ان کا کہنا تھا،”غزہ پر مسلط محاصرہ اٹھائے بغیر کچھ بھی نہیں ہونیوالا ہے۔”
اس موقع پر غزہ کی فلسطینی حکومت نے اردوگان کی جانب سے غزہ محاصرہ اٹھائے جانے کے مطالبے کا خیرمقدم کیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
