فلسطین اور مصرکے درمیان سرحد پر زیر زمین ایک سرنگ میں کام کرنے والا مزدور بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
فلسطینی شہرغزہ سے میڈیکل ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ بیس سالہ فلسطینی سلامہ نافذ ابوحماد کو اس وقت رفح کے مقام پر ایک سرنگ کے اندر کرنٹ لگا جب وہ وہاں کام کر رہا تھا۔ ابو حماد کا تعلق غزہ کے مشرقی علاقے خان یونس میں بنی سہلا سے بتایا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2006 ء کے بعد اسرائیل نے فلسطینی شہرغز کی پٹی کی معاشی ناکہ بندی کی توفلسطینیوں کو اشیائے ضروریہ کے حصول کے لیے زیرزمین سرنگوں کا سہارا لینا پڑا ہے۔ یہ ایک نہایت پرخطر راستہ ہے کیونکہ گذشتہ پانچ سالوں میں سرنگوں میں مختلف نوعیت کے کوئی 800 حادثات پیش آچکے ہیں، جن میں اب تک 210 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔