(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ)امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی کو روکنے کے لئے دوحہ میں جاری مذاکرات کے حوالے سے "بلومبرگ نیوز” کو بتایا کہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو امید ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر اس ہفتے کسی وقت اتفاق ہو سکتا ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین کی جانب سے معاہدے پر اتفاق کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔
سلیوان نے "رائٹرز” کو بتایا کہ بائیڈن انتظامیہ اس معاملے پر نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہے اور 20 جنوری کو واشنگٹن میں اقتدار کی منتقلی سے قبل ایک مشترکہ موقف اپنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، "یہ ایک اہم موقع ہے اور صدر بائیڈن نے مجھے ہدایت دی ہے کہ میں آنے والی ٹیم کے ساتھ قریبی تعاون کروں۔”
رپورٹس کے مطابق، صدر بائیڈن آئندہ ہفتے اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے، کیونکہ نومبر 2023 کے انتخابات میں ڈیموکریٹس وائٹ ہاؤس سے محروم ہو گئے تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ریپبلکن ٹیم نہ صرف وائٹ ہاؤس میں واپس آئیں گے بلکہ کانگریس کے دونوں ایوانوں پر بھی کنٹرول حاصل کریں گے۔
بائیڈن اور ٹرمپ کی ٹیم کے مندوبین نے ممکنہ معاہدے کے حوالے سے گزشتہ ہفتے کے آغاز میں بات چیت میں شرکت کی تھی۔ جیک سلیوان نے کہا، "سوال یہ ہے کہ کیا ہم سب مل کر اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اس معاہدے کو حتمی شکل دے سکتے ہیں؟”