فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم میں غوش عتصیون کے مقام پر ایک یہودی خاتون پر چاقو سے حملے کے الزام میں اسرائیلی فوجیوں نے گولیاں مارکر ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا۔
اسرائیلی میڈیا میں آنے والی اطلاعات میں بتایا گیاہے کہ غوش عتصیون کالونی کے مرکزی چوک میں ایک فلسطینی نوجوان نے یہودی خاتون پرچاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔ کچھ فاصلے پر کھڑے اسرائیلی فوجیوں نے حملہ آور پرفائرنگ کی جس کے باعث وہ شہید ہوگیا۔ادھر فلسطینی وزارت صحت نے اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک فلسطینی شہری کی شہادت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ فلسطینی نوجوان کو اس وقت گولیاں ماری گئیں جب وہ ایک چیک پوسٹ کے قریب سے گذر رہا تھا۔
قبل ازیں اتوار کو نابلس کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک سولہ سالہ بچی کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ سولہ سالہ اشرقت طہ احمد قطنانی نے یہودی فوجی پرچاقو سے حملے کی کوشش کی تھی تاہم مقامی فلسطینی شہریوں نے صہیونی فوج کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے قاتلوں کو بچانے کی بھونڈی کوشش سے تعبیر کیا ہے۔