اسرائیلی قابض فورسز نے اتوار کے روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران کم سے کم 29 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد تفتیشی مراکز میں ڈال دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم کلب برائے اسیران نے اتوار کے روز ہونے والی گرفتاریوں پر روشنی ڈالی ہے اور بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے گھر گھر تلاشی کے دوران 15 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ گرفتار کیے جانے والے شہریوں کی عمریں 17 سے 26 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ ان میں سے بعض کی شناخت محمد مرشد عوض، مہند مرشد عوض، ترکی محدم العلامی، محدم عزمی سویطی، معاذ مناع مسالمہ، محمد ولید مشارقہ، ایمن ولید مشارقہ، خلیل ولید دسہ، محمد موسیٰ ابراہیم ابو جحیشہ، اشرف انور قاضی اور امجد انور قاضی کے ناموں سے کی گئی ہے۔ادھر رام اللہ کے قریبی قصبے البیرہ سے قابض فوجیوں نے بچوں سمیت پانچ افراد کو حراست میں لیا، ان کی شناخت سیف جمیل ابو یوسف، محمد ھشام الفروخ، سند ناجح عبداللہ عمار، عمار احمد موسیٰ عمار، جب کہ بیت المقدس کے القطنہ سے محمد یوسف شماسنہ کو حراست میں لیا گیا۔
بیت لحم سے گھر گھر تلاشی کے دوران 52 سالہ ندی شوکہ، 17 سالہ فادی خلیل عطاء اللہ، رجا صلاحات، نابلس سے محمد محمد خضر اور جعفر یاسر رمضان کو گرفتار کیا گیا۔ طولکرم سے اسماعیل خلیل اعطیر اور دیگر کو گرفتار کرکے حراستی مراکز میں منتقل کردیا گیا ہے۔