(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں اسرائیلی فوج نے کریک ڈاؤن کے لیے شہر کے جنوب میں کئی دیہات کا محاصرہ کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا جا چکا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فورسز نے جمعرات کی شام جنوبی نابلس میں مختلف دیہاتوں اور فلسطینی قصبوں کا محاصرہ کرنے کے بعد ان میں تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا تھا جو رات بھرجاری رہا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قابض فوجیوں نے جنوبی نابلس میں تل اور عراق بورین قصبوں کو ملانے والی تمام سڑکوں کو بلاک کھڑے کرکے بند کردیا جس کے نتیجے میں دونوں قصبوں کے درمیان ٹریفک بلاک ہوگئی ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ جنوبی نابلس میں بڑی تعداد میں فوجیوں کو مسلح حالت میں گشت کرتےدیکھا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے تازہ کریک ڈاؤن ایک ایسےوقت میں شروع کیا گیا ہے جب کہ بدھ کے روز ’’ھار براخا‘‘ نامی ایک یہودی کالونی کے مرکزی راستے پر نامعلوم فلسطینی نے چاقو کے حملے میں دو اسرائیلی فوجیوں کو شدید زخمی کردیا تھا۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی انہی حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
جنوبی نابلس میں عراق بورین قصبے میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں تین فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان کی شناخت نائب دھشت قادوسم مالک فاتح قادوس اور سعد حسام قادوس کے ناموں سے کی گئی ہے جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
ادھر غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں بھی الزاویہ، جبع و صانور اور کئی دوسرے قصبات کے گرد اسرائیلی فوج نے محاصرہ قائم کرکے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں فلسطینی شہریوں، بچوں، خواتین اور معمر افراد کو زدو کوب کرنے کے ساتھ گھروں میں لوٹ مار کی گئی اور قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی گئی ہے۔
