فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں اتوار کے روز اسکولوں کے طلباء نے اسرائیل کی منظم ریاستی دہشت گردی کے خلاف نکالی گئی ایک ریلی پر فائرنگ، آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کے نیتجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسکولوں کے نہتے طلباء کو منتشر کرنے کے لیے قابض صہیونی فوجیوں نے آنسوگیس کی بارش کردی جس کے نتیجے میں درجنوں طلباء زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے طلباء کو خوف زدہ کرنے کے لیے صوتی بموں کا بھی استعمال کیا۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ طلباء ایک فوجی چوکی کے قریب مظاہرہ کر رہے تھے کہ قابض فوجیوں نے ان آنسوگیس کی شیلنگ کردی۔ آنسوگیس کی شیلنگ سے درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہد نے بتایا کہ قابض فوج کے آنسوگیس کی شیلنگ سے کئی طلباء بے ہوش ہوگئے۔
ادھر مسجد ابراہیمی کی طرف آنے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی نمازیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
ادھر مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں اسرائیلی فوجیوں نے النشاش کے مقام پر فلسطینی کالونیوں میں تلاشی کی غرض سے تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کو نقل وحرکت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ قابض فوجیوں نے گھر گھر تلاشی کے دوران درجنوں افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور خواتین اور بچوں کو زد کوب کیا گیا۔