فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں رات گئے اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں پر حملے کیے جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں جب کم سے کم پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہفتے کی شام قابض صہیونی فوجیوں ے الخلیل، نابلس اور بیت لحم شہروں میں فلسطینی شہریوں پرفائرنگ کی اورشہریوں کے گھروں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی۔ شیلنگ سے کم دو بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ دو فلسطینی جنوب مشرقی نابلس کے عقربا قصبے میں اس وقت زخمی ہوئے جب قابض فوجیوں نےان پر گولیاں چلائیں۔
دونوں فلسطینیوں کی ٹانگوں میں گولیاں لگی ہیں۔ انہیں علاج کے لیے نابلس کےرفیدیا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
الخلیل میں تشدد اور گرفتاریاں
درایں اثناء فلسطین کے جنوبی شہر الخلیل میں ہفتے کے روز اسرائیلی فوج کی جانب سے تشدد کا سلسلہ عروج پر رہا۔ صہیونی فوجیوں ںے الخلیل کے شمالی قصبے بیت امر اور صافا کے مقام پر فلسطینیوں پر فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم دو افراد زخمی جب کہ پانچ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گرفتار کیے جانے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
ایک مقامی سماجی کارکن اور یہودی توسیع پسندی کے خلاف سرگرم عوامی کمیٹی کے ترجمان محمد عوض نے بتایا کہ صافا کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم اس وقت ہوا جب قابض فوجیوں نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا۔ شہری اسرائیلی فوج کی اس ظالمانہ کارروائی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پرنکل آئے۔ صہیونی فوجیوں نے گھروں پر چھاپوں کے دوران کم سے کم تین افراد کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج کی تلاشی کی کارروائی میں حراست میں لیے جانے والوں کی شناخت عبداللہ شفیق رضوان اخلیل، احمد ابراہیم ثلجی عادی، نائل یوسف القاضی، 15 سالہ سیف احمد رضوان اخلیل اور 14 سالہ محمد صبحی نمرعادی کے ناموں سے کی گئی ہے۔ بیت لحم میں بھی صہیونی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں پر حملے کیے جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔