مقبوضہ فلسطین میں اسلامی تحریک کے رہنما الشیخ رائد الصلاح نے کہا ہے کہ ظالم اسرائیل کا القدس اور مسجد اقصی پر تسلط جلد ختم ہونے والا ہے۔ "اسرائیلی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد کو فروغ دینا ہو گا۔”
انہوں نے القدس الشریف کی سلوان اور البستان کالونیوں کے باسیوں کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کے باوجود ثابت قدم ہیں۔
ان خیالات کا اظہار الشیخ رائد صلاح نے البستان میں استقامت کیمپ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ظالموں اور ظلم ہلاک ہونے والے ہیں کیونکہ قابض اسرائیل ظالم ہے اور ہلاک ہونے والا ہے۔ ہم سچ پر ہیں۔ اسرائیل جلد رو بہ زوال ہو گا۔ اپنے فوجی لاؤ لشکر اور خفیہ نیٹ ورک کے باوجود اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل تم اس زمین کے اصل باسیوں کو محروم کر کے اپنے لئے یہاں جائے پناہ حاصل نہیں کر سکتے۔ تم نے مقبوضہ عرب علاقوں میں جگہ جگہ ہمارے پرعزم اور ثابت قدم عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ تم اپنے مکر و فریب سے الشیخ جراح کالونی پر قبضہ کر رہے ہو۔ اللہ تمہارے مکر و فریب سے زیادہ قوی ہے، میں اپنے فلسطینی بھائیوں کو تمہارے زوال کی بشارت دینے آیا ہوں۔
خطبہ جمعہ میں الشیخ رائد صلاح نے القدس اور مسجد اقصی کے حوالے سے شازشوں کے جال کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اسے فلسطینی اپنی صفوں میں اتحاد کے ذریعے ناکام بنا سکتے ہیں۔ اپنی چال بازیوں سے صہیونی مسجد اقصی کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، لیکن فلسطینی عوام انہیں اپنے مکر و فریب میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
الشیخ رائد صلاح نے القدس میں مسلمانوں کے مامن اللہ قبرستان کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں صہیونی حکام مسلمانوں کی قبریں بلڈوز کر رہے ہیں تاکہ وہاں پر چائے خانہ اور نیا ریستوران بنا سکیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
