رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے علاقے رام اللہ ، نابلس اور الخلیل سمیت کئی دوسرے شہروں میں عباس ملیشیا کے ہاتھوں نہتے مظاہرین پر وحشیانہ تشدد پر فلسطینی عوامی اور سیاسی حلقوں کی طرف سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دو روز قبل غرب اردن کے شہروں میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے 31 ویں یوم تاسیس کے موقع پر نکالی جانے والی ریلیوں پر عباس ملیشیا نے وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں درجنوں شہری زخمی ہوگئے تھے۔
غرب اردن میں فلسطینی لائرز فورم کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی ملیشیا کے ہاتھوں ریلیوں پر وحشیانہ تشدد ناقابل قبول، آزادی اظہار پر براہ راست حملہ اور بے گناہ شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال کے مترادف ہے۔
فلسطینی وکلاء یونین عباس ملیشیا کے ہاتھوں نہتے مظاہرین پر تشدد کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس طرح کے واقعات کو کسی بھی صورت میں سند جواز فراہم کرنے کی مذمت کرتا ہے۔
ادھر رام اللہ میں اساتذہ یونین کی طرف سے بھی عباس ملیشیا کےہاتھوں پرامن مظاہرین پرتشدد کے استعمال کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں صدر عباس پر زور دیا گیا ہے کہ وہ عباس ملیشیا کے ہاتھوں حماس کے یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ ریلیوں پر طاقت کا استعمال کی تحقیقات کا حکم دیں اور تشدد کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔