دنیا بھر میں صحافیوں اور اہل قلم کی نمائندہ تنظیم "انٹرنیشنل جرنلسٹ فیڈریشن” نے اسرائیل کی رکنیت ختم کردی ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ
صہیونی ریاست فلسطین میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے اور اسرائیلی ذرائع ابلاغ صہیونی ریاست دہشت گردی کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
دوسری جانب فلسطین میں صحافتی حلقوں نے فیڈریشن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے درست سمت میں اہم قدم قرار دیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عالمی جرنلسٹ فیڈریشن کے 28۔ 29 جون کو برسلز میں ہوئے اجلاس میں فلسطین میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور صہیونی میڈیا کے منفی کردار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دو روزہ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل سے تعلق رکھنے والے صحافی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جنگی جرائم کی پردہ پوشی کررہے ہیں۔
ایسے میں صہیونی ریاست سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کا احتساب ضروری ہے۔ تنظیم ایسے کسی بھی ملک کے صحافیوں کو رکنیت نہیں دے سکتی جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی حمایت میں ملوث پائے گئے ہیں۔ فلسطین میں اسرائیلی فوج کے جنگی جرائم پر اسرائیلی صحافی نہ صرف خاموش تماشائی رہتے ہیں بلکہ انہوں نے مظلوم کے حق میں کبھی آواز بلند نہیں کی ہے۔ اس لیے فیڈریشن اسرائیل کے تمام صحافیوں کی رکنیت ختم کررہی ہے۔
خیال رہے کہ تین روز قبل برسلز میں ہونے والے اجلاس میں اسرائیل کی رکنیت کی منسوخی بارے رائے شماری کی گئی۔ رائے شماری میں 17 میں سے 14 ممالک نے اسرائیل کے خلاف ووٹ دیا جبکہ صرف تین ملکوں نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
ادھر فلسطینی پریس کلب اور دیگر صحافتی تنظیموں کی جانب سے جاری بیانات میں بھی عالمی صحافتی ادارے کی جانب سے اسرائیل کی رکنیت کی منسوخی کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
