بیرون ممالک آباد فلسطینی علماء کی ایسوسی ایشن نے القدس مارچ کی جاری تیاریوں کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ جون کے مہینے میں یہ مارچ دنیا کے سیکڑوں شہروں سے منعقد کیے جائیں گے جن کا مقصد لوگوں میں اسرائیل کے ظالمانہ اور نسل پرستانہ جرائم کی آگاہی دینا اور القدس کی آزادی کا مطالبہ کرنا ہے۔
بیرون ممالک آباد فلسطینی علماء نے کہا کہ اس مارچ سے القدس اور دیگر فلسطینی و عرب علاقے اسرائیل کے قبضے سے آزاد کروانے کی کوششوں میں قابل قدر اضافہ ہوگا، اور خلوص نیت کے ساتھ دنیا بھر میں نکالی جانے والی ریلیاں جہاد کے زمرے میں داخل ہونگی۔
اتوار کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں علماء کی ایسوسی ایشن نے فلسطینی قوم، عرب اور اسلامی دنیا کے شہریوں اور ساری آزاد دنیا سے عالمی القدس مارچ میں شرکت کا مطالبہ کیا تاکہ صہیونی عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی یہودیوں کے ساتھ ہمارے معرکے کا اہم حصہ اسرائیل کے مکروہ چہرے اور دھوکہ دینے کی کوشش میں حقائق کو چھپانے کے اسرائیلی حربوں کو دنیا بھر کے سامنے لانا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ القدس مارچ باطل کی تباہی اور القدس کی رہائی کا مقدمہ بن جائے گا۔
فلسطینی علماء کی ایسوسی ایشن نے القدس انٹرنیشنل مارچ کو مسجد اقصی کی کامیابی کی ہی ایک صورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال القدس عالمی مارچ اس وقت آرہا ہے جب متعدد عرب ممالک میں انقلابات حقیقت کا روپ دھار چکے ہیں، ان ممالک نے اپنے دہائیوں سے مسلط طاغوتی نظام کو شکست دے کر آزادی حاصل کرلی ہے۔ عرب قوم کی یہی آزادی القدس اور مسجد اقصی کی آزادی کے راستے ہموار کردیگی۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
