رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں جمعرات کے روز گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 22 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز غرب اردن میں گھر گھر تلاشی کے دوران فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں بالخصوص بچوں اور خواتین کو ہراساں کیا۔
ادھر اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو غرب اردن سے 19 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا جن میں بعض سیکیورٹی اداروں کو مطلوب افراد بھی شامل ہیں۔
عبرانی نیوز ویب سائیٹس کے مطابق گرفتار کیے گئے فلسطینیوں کو تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ فلسطینی شہروں میں کریک ڈاؤن اور گھروں میں لوٹ مار روز کا معمول ہے۔ اسرائیلی فوج روزانہ کی بنیاد پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر نہتے فلسطینیوں کو اٹھا کر عقوبت خانوں میں منتقل کردیتی ہے۔