(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فورسز نے پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا اور روایتی لوٹ مار کرنے کے ساتھ رہائشیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
مقامی ذرائع کے مطابق صیہونی فورسز نے گذشتہ روز بلڈوزر اور فوجی گاڑیوں کے ہمراہ نابلس کے مشرق میں واقع بلطاپناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا ہے ،روایتی لوٹ مار کے بعد مزاحمت کرنے پر فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین فلسطینی محمد بلال زیتون، فتحی ایبو رزک اور عبداللہ ایبو حمدان شہید جبکہ دیگر تین زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک تحریری بیان میں بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے، بیان میں مزید بتایا گیا کہ صیہونی فورسز نے زخمیوں کی امداد کےلئے پہنچنے والی ایمبولینس کو زخمیوں تک پہنچنے سے روک دیاتھا جو کہ انتہائی قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔