مقامی ذرائع نے کہا ہے کہ شہداء قبرستان کے مشرقی علاقے میں تعینات صیہونی فوجیوں نے مظاہرین پر فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں پانچ فلسطینی زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ بارڈر کے نزدیک موجود فلسطینی زمینوں پر بفر زون قائم کرنے کے خلاف مظاہرہ کررہے تھے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک شخص کو چھاتی میں گولی لگی ہے اور وہ تشویشناک حالت میں زیرعلاج ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اور نوجوان کو سر میں بم کا ٹکڑا لگنے کی وجہ سے زخم آیا ہے۔ القدرہ کے مطابق ایک فلسطینی ایمبولینس کو ایک گیس بم سے نشانہ بنایا گیا تھا مگر اس واقعہ کے نتیجے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مقامی نمائندے کے مطابق فلسطینی نوجوانوں کا ایک گروپ بفر زون کی جانب پرامن طور پر نعرے لگاتا اور فلسطینی پرچم لہراتا جارہا تھا کہ اس پر اسرائیلی فوج نے ان پر گولی کی بارش کردی۔
