مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام پر قائم ایک یونیورسٹی پر چھاپہ مارا وہاں موجود طلباء اور اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے یونیورسٹی میں ’’پروپیگنڈہ لٹریچر ‘‘ کی موجودگی کی آڑ میں یونیورسٹی کے دفاتر اور کمرہ ہائے جماعت میں گھس کر تلاشی کی اور قیمتی سامان اور فرنیچر کی توڑ پھوڑ کی۔
اسرائیلی فوج نے یونیورسٹی میں طلباء کی اسلامی کتابیں بھی ضبط کرلیں اور ان کادیگر قیمتی سامان بھی ضبط کرلیا۔
عبرانی ویب سائیٹ کے مطابق ابو دیس یونیورسٹی میں ’’دہشت گرد تنظیم ‘‘ کی طرف سے طلباء کے لیے پروپیگنڈہ لٹریچر پہنچایا تھا۔ فوج کو اس کی اطلاع ہوگئی جس پر یونیورسٹی پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔
ویب سائٹ کے مطابق ابو دیس یونیورسٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اور عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کی طرف سے اسرائیل کے خلاف لٹریچر تقسیم کیا گیا تھا۔