(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے فلسطینی بچوں کیلئے تعمیر کردہ عارضی پرائمری اسکول کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے مسمار کردیا ہے۔
صیہونی فوج نے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے مستقبل کو بھی تباہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ صیہونی فوج نے گزشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوب میں واقع بیت تعمر گاؤں کے میں قائم کردہ عارضی پرائمری اسکول کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کردیا ہے ۔
صیہونی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ اسکول کو غیر قانونی طورپر تعمیر کیا گیا تھا جبکہ اس کی تعمیر سے قبل ہی اسرائیلی بلدیہ نے اس کی تعمیر کو روکنے کا نوٹس جاری کیا تھا لیکن مقامی فلسطینی عہدیداران نے نوٹس کو نظر انداز کردیا ۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پرائمری اسکول پانچ کلومیٹر تک رہائشی فلسطینی بچوں کیلئے واحد اسکول تھا جس میں 64 بچے زیر تعلیم تھے ۔