رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کی ’’بئرسبع‘‘ کی فوجی عدالت نے زیرحراست فلسطینی صحافی احمد مجدی العرابید کو چار سال 8 ماہ قید اور 20 ہزار شیکل جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ امریکی کرنسی میں یہ رقم 5400 ڈالر سے زیادہ ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطینی صحافی العرابید کو پانچ فروری 2018ء کو رام اللہ میں ان کے گھر سے اٹھا کر ایک عقوبت خانے میں منتقل کردیا تھا۔ دوران تفتیش اسے غیرانسانی طورپر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
صوت الحریہ ریڈیو اور فلسطین نیوز نیٹ ورک (PNN) نے صحافی کو اسرائیلی فوجی عدالت سے دی جانے والی سزا کو نسل پرستانہ اقدام قرار دیا۔ نیوز نیٹ ورک کی طرف سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی عدالت کی طرف سے سینیر صحافی کو قید اور جرمانے کی سزا فلسطینیوں کی آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہے۔
ادھر فلسطین کے تمام ابلاغی اور صحافتی اداروں نے بھی اسرائیلی عدالت کی طرف سے صحافی العرابید کو دی جانے والی سزا کی شدید مذمت کی ہے۔