مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی اشرار کی طرف سے مسلمانوں کےمسجد اقصیٰ پر دھاوؤں اور مقدس مقام کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز صیہونی آباد کاروں نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی کی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ صیہونی آباد کار مسجد اقصیٰ کے ’مراکشی دروازے‘ کے راستے صبح اور شام کے اوقات میں اندر داخل ہوتے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں قبلہ اوّل کی بے حرمتی کرتے رہے۔ اس موقع پر مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی اور خارجی دروازے بند کردیے گئے اور فلسطینیوں کو قبلہ اوّل میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کو 100 صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر بے حرمتی کی۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ کا باب المغاربہ سنہ 1967ء کے بعد قابض اسرائیلی فوج کے نرغے میں ہے اور صیہونی اسی دروازے کو قبلہ اوّل میں دھاوؤں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ کل جمعرات کو قبلہ اوّل پر دھاوے بولنے والے آباد کاروں میں مذہبی پیشوا بھی شامل تھے۔