مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں میٹرو ٹرین منصوبے کی منظوری دے دی۔ القدس کو یہودیانے کے اس نام نہاد منصوبے کے ذریعے جبل الطور کو مقام براق سے ملانے اور مشرقی بیت المقدس کو باہم مربوط کرنے کی سازش کو آگے بڑھانا ہے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے 20 کروڑ شیکل کی رقم مختص کی گئی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ القدس میں میٹرو ٹرین کا منصوبہ بیت المقدس کو یہودیانے کے اسرائیلی منصوبوں کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کو عمل شکل دینے اور القدس کے اصلی فلسطینی باشندوں کو وہاں سے بے دخل کرنے کے لیے کنیسٹ سے کئی قوانین بھی منظور کیے گیے۔
عبرانی اخبار ’’ہارٹز‘‘ کے مطابق میٹرو ٹرین کے پہلے مرحلے میں تین اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ پہلا اسٹیشن مسرح خان کے مقام پر ، دوسرا جبل خلیل کے قریب کار پارکنگ میں اور تیسرا دیوار براق میں ہوگا۔