(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غیر قانونی صیہونی آبادکاروں نے فلسطینی علاقوں پر حملے کئے دوسری جانب غاصب فوج نے تلاشی کے نام پر فلسطینیوں کے گھروں میں لوٹ مار کی جس کے بعد پرتشدد جھڑپیں شروع ہوئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز غرب اردن کے شمالی شہر قلقیلیہ کے مشرق میں واقع قصبے کفر قدوم میں غیر قانونی صیہونی ریاست کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز نے فلسطینیوں کے گھروں میں تلاشی کے نام پر روایتی لوٹ مار شروع کی اور مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے ردعمل میں فلسطینی نوجوانوں نے غاصب فورسز پر پتھراو کیا اور پیٹرول سے بنی آتشیں بوتلوں سے حملہ کیا ۔
غاصب فورسز نے فلسطینیوں پر فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل فائر کئے جس کے نتیجے میں کم سے کم چھ فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
دوسری جانب الخلیل کے علاقے کفر قدوم کے قریب فلسطینی علاقے پر قائم کی گئی غیر قانونی صیہونی بستی "قدومیم” آباد کار وں نے غاصب فوجیوں کی حفاظت میں قصبے کے شمال میں جبل الکدان کے قریب فلسطینیوں پر حملہ کیا تاہم فلسطینی نوجوانوں نے ان کا بھرپور مقابلہ کیا اور سنگ باری کرکے انہیں پسپا کردیا۔