(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کی الطور کالونی سے چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک فلسطینی خاتون کو حراست میں لینے کے بعد تفتیش کے لیے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے بیت المقدس میں الطور کالونی میں داخل ہو کرعاطف ابو سبیتان اور ان کی اہلیہ پر تشدد کیا۔ بعد ازاں ان کی اہلیہ کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سبیتان کی اہلیہ نے یہودی فوجیوں پر تشدد کی کوشش کی تھی، جس پر اسے حراست میں لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتاری کے وقت فلسطینی خاتون نے قابض فوج کے خلاف مزاحمت کی تھی، جس کے بعد اس کےہاتھ پاؤں باندھ کر ایک گاڑی میں ڈالا گیا اور اسے نامعلوم مقام پر لے جایا گیا ہے۔
مجروح شوہر نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان کے گھر میں گھس کر نہ صرف چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا بلکہ ان کی اہلیہ پر تشدد کے بعد اسے گرفتار کر کے ساتھ لے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ کا کوئی قصور نہیں۔
