(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جمعرات کے روز اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ صہیونی فوجیوں نے حسب معمول دعویٰ کیا ہے کہ شہید فلسطینی نے فوجیوں کی فائرنگ سے قبل ان پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی۔
اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہےکہ صہیونی فوجیوں نے فلسطینی نوجوان کو مشرقی الخلیل میں بیت عینون کے مقام پر گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی نوجوان کو گولیاں مارنے سے قبل ایک چیک پوسٹ پر روکا گیا۔ بعد ازاں اسے گولیاں ماری گئیں جس کے نتیجے میں موقع پراس کی موت واقع ہوگئی۔
رپورٹر کا کہنا ہے کہ شہید فلسطینی نوجوان کی شناخت موید عونی الجبارین کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 20 سال بیان کی جاتی ہے اور اس کا آبائی تعلق الخلیل گورنری کے سعیر قصبے سے ہے۔
