(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے وادی اردن کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی تازہ جنگی مشقوں کے باعث دسیوں مقامی فلسطینی خاندانوں کو سخت سردی میں اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے ہیں۔ متاثرہ شہری گھروں کے بجائے کھلے آسمان تلے زندگی گذارنے پرمجبور ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنگی مشقوں کی آڑ میں صہیونی فوج نے اپنے سیکڑوں اہلکاروں کو وادی اردن کے فلسطینی اکثریتی قصبوں الاحمر، مشرقی طمون، خربہ ابزیق، اور شمالی وادی کی برلاد اور کرلاد بستیوں میں تعینات کیا گیا ہے جس باعث مکینوں کو گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔نامہ نگار کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہریوں کو اسرائیلی فوجی مشقوں کی وجہ سے گھر بار چھوڑے آج تیسرا دن ہے۔ گھروں سے نکالے گئے فلسطینیوں کی مشکلات سخت سرد موسم کی وجہ سے مزید دو چند ہوگئی ہیں۔ خاص طورپر بچے اور خواتین صہیونی فوج کے اس غیرقانونی حربے سے غیرمعمولی طورپرمتاثر ہو رہےہیں۔
خیال رہے کہ فلسطین کے وادی اردن کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی جنگی مشقیں معمول کا حصہ ہیں جہاں اکثرو بیشتر جنگی مشقوں کی آڑ میں فلسطینی آبادی کوگھروں سے نکال دیا جاتا ہے۔
