(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض صہیونی فوجیوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں ’’الخضر‘‘ قصبے میں دو بوائز اسکولوں پر چھاپہ مارا اور وہاں پر موجود طلباء اور اساتذہ کو زدو کوب کرنے کے بعد قیمتی سامان کی بھی توڑپھوڑ کی۔
مقامی سماجی کارکن راتب الجبور نے بتایا کہ صہیونی فوج نے الخلیل شہر کے نواحی قصبے یطا میں المجاز اسکول اور الخضر قصبے میں بھی ایک دوسرے اسکول پر چھاپہ مارا۔ طلباء کو تشدد کانشانہ بنایا اور ان کی کتابیں اُٹھا کر پھینک دیں۔ مسلح صہیونی فوجیوں نے اسکول کے اساتذہ کو بھی زدو کوب کیا۔ اس موقع پر اسکول کے ایک طالب علم ابراہیم موسیٰ ابو عرام کو پولیس کے حراستی مرکز میں پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کیا گیا۔راتب الجبور نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے اتوار کو دوپہر کے وقت ’’المسافر‘‘ پرائمری اسکول پر چھاپہ مارا اور عملے کو زدو کوب کرنے کے بعد وہاں پر قیمتی سامان کی بھی ٹوڑپھوڑ کی۔
ادھر غرب اردن کے علاقے بیت لحم میں بھی اسرائیلی فوج اور فلسطینی طلباء کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے طلباء کے ایک مظاہرے کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد طلباء زخمی ہوئے ہیں۔