(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطینی اسیر علاء الدین العباسی کی اہلیہ رانیا العباسی کو مقبوضہ بیت المقدس سے جبرا بے دخل کردیا ہے۔ صہیونی حکام کا دعویٰ ہے کہ رانیا مقبوضہ بیت المقدس میں غیرقانونی طور پرمقیم ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 36 سالہ رانیا العباسی کو اس کے گھر سے باہر نکالتے ہوئے بیت المقدس سے بے دخل کردیا۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ رانیا کے پاس مقبوضہ بیت المقدس میں سکونت کا اجازت نامہ نہیں ہے۔ اس لیے اسے بیت المقدس سے بے دخل کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے بیت المقدس میں شاہراہ صلاح الدین پر واقع فلسطینی اسیر کے مکان پر چھاپہ مارا اور رانیا کو حراست میں لینے کے بعد ’زیتونہ چیک پوسٹ‘ پر لے جایا گیا۔ اسے کئی گھنٹے تک مشرقی بیت المقدس میں رکھا گیا جہاں سے اسے غرب اردن کی طرف بے دخل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ اسیر علاء الدین العباسی کو صہیونی فوج نے 2002ء کو حراست میں لیا۔ انہیں صہیونی عدالت کی جانب سے فلسطینی تحریک مزاحمت کی حمایت کی پاداش میں 66 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
ادھر بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران 24 سالہ فلسطینی نوجوان احمد جبر قمبز کو حراست میں لے لیا۔ قبل ازیں بیت المقدس ہی سے ایک کارروائی کے دوران اسیر یعقوب ابو الھویٰ نامی ایک بچی کو حراست میں لے لیا ہے۔ اسیر الھویٰ کی عمر 17 سال بیان کی جاتی ہے۔
