(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض صہیونی فوجیوں نے غزہ کی پٹی سے مقبوضہ مغربی کنارے میں کاروباری مصروفیات کے لیے آنے والے ایک تاجر کو بیت حانون گذرگاہ سے گذرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوج اور خفیہ اداروں کے اہلکارں نے غزہ کی پٹی سے شمالی علاقے میں بیت حانون گذرگاہ پہنچنے پر فلسطینی کاروباری شہری ماھر عبدالفتاح مشتہی کو حراست میں لے لیا۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی تاجر کو پانچ روز کے لیے حراست میں لیا گیا ہے تفتیش مکمل ہونے کے بعد اسے رہا کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوجی غزہ کی پٹی کے مریضوں،طلباء اور کاروباری شخصیات کو بلیک میل کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔ طلباء اور دیگر شہریوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی جاسوسی کریں تو انہیں غرب اردن میں آزادانہ آمد ورفت کی اجازت ہوگی۔ مخبری سے انکاری شہریوں کو یا تو واپس غزہ بھیج دیا جاتا ہے یا انہیں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
پچھلے سال بیت حانون گذرگاہ سے اسرائیلی فوجیوں نے غزہ سے آنے والے 44 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا تھا جن میں 32 تاجر، چار مریض، تین عالمی اداروں کے ملازم، دو خواتین اور تین دیگر مسافر شامل تھے۔
