(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی جیلوں میں پابند سلاسل فلسطینی نونہالوں کی رہائی کے مطالبے پرمبنی سوشل میڈیا پر ایک نئی مہم شروع کی گئی جس میں انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیاہے کہ وہ اسرائیل پر فلسطینی بچوں کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالیں۔
رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق گروپ کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مہم کا مرکزی کردار اسرائیل میں قید فلسطینی کم سن احمد مناصرہ ہیں جس کی رہائی کے لیے آن لائن مہم جاری ہے۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ’’ٹیوٹر‘‘ پر یہ مہم #FreeAhmadManasrah کے عنوان سے جاری ہے۔ جب کہ فیس بک پر Free Ahmad Manasrah کے عنوان سے مہم جاری ہے جس میں بڑی تعداد میں شہری حصہ لے رہے ہیں۔
انسانی حقوق گروپ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تمام فلسطینی شہریوں اور سماجی بہبود کے لیے کام کرنے والے کارکنوں سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی فلسطینی بچوں کی اسرائیلی جیلوں سے رہائی کے لیے مہم کا حصہ بن جائیں۔ یہ مہم عربی زبان کے علاوہ کئی دوسریی زبانوں میں بھی شروع کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں پابند سلاسل سات ہزار فلسطینی شہریوں میں کم سے کم 400 بچے بھی شامل ہیں۔