قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں سعیر قصبے میں فلسینی شہریوں کے چھ مکانات اور پانی کے تین کنویں مسمار کرنے کے نوٹس جاری کیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایک فلسطینی شہری یاسین شلالدہ نے بتایا کہ صہیونی فوج کی جانب سے اس کے بھائیوں کے زیرتعمیر مکان کی مزید تعمیرات روکنے کا بھی حکم دیا ہے اس کے علاوہ وہاں پر مقیم چھ فلسطینیوں کو ان کے مکانات فوری گرانے اور پانی کے تین کنویں بھی مسمار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یاسین شلالدہ کا کہنا تھا کہ پانی کے جن تین کنوؤں کی مسماری کا کہنا گیا ہے وہ کم سے کم 50 ایکڑ زرعی اراضی کی ابیاری ، شہریوں کے ذاتی استعمال اور مویشیوں کے لیے پانی کی سہولت مہیا کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ الخلیل کے اسی قصبے میں دو سال پیشتر انتہا پسند یہودیوں نے حملے کر کے مقامی فلسطینی آبادی کے 400 زیتون کے پودے تلف کردیے تھے اور فلسطینی شہریوں کو ان کے زیتون کے باغات سے محروم کردیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
