اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی شہید تیس سالہ جلال خلیل محامید کے جسد خاکی کو شہید کے ورثاء کے حوالے کیے جانے کے بعد کل بدھ کو مغربی کنارے کے شہر جنین میں اس سےسپرد خاک کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شہید محامید کی میت پیر اور منگل کی درمیانی شب اس کے ورثاء کے حوالے کی گئی تھی۔ بدھ کے روز شہید کو اس کے آبائی شہر میں سپرد خاک کیا گیا۔ اس موقع پر ہزاروں افراد نماز جنازہ میں شریک تھے۔ جنازے میں شریک ہزاروں افراد نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاستی دہشت گردی بند کرانے کا مطالبہ کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ اپنے قبضے میں رکھے فلسطینی شہداء کے جسد ہائے خاکی کو ان کے ورثاء کے حوالے کرے۔
اس موقع پر شہید کے بھائی ابراہیم محامید نے صہیونی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے قبضے میں رکھے ان کے چچا زاد توفیق محامید کا جسد خاکی بھی جلد از جلد ورثاء کے حوالے کرے۔ خیال رہے کہ فلسطینی شہید جلال محامید کو کئی سال قبل قابض فوج نے ایک کارروائی میں شہید کیا تھا۔ شہادت کے بعد قابض فوج محامید کی میت اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے فلسطینی شہداء کے درجنوں جسد ہائے خاکی ان کے لواحقین کو حوالے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
