اسرائیلی وزیردفاع موشے یعلون نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو شمالی محاذ کی جانب سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اسرائیلی اخبار "یدیعوت احرونوت” کے مطابق وزیردفاع نے "کریات بیک” نامی یہودی کالونی میں نئے
عبرانی سال کے آغاز کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ فوج ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری میں ہے تاہم فی الوقت ملک کے شمالی محاذ کی جانب سے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔
موشے یعلون کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افوج شمال، مشرقی اور جنوبی محاذوں پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے چوکس کھڑی ہے تاہم فی الحال کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی ایک مسئلہ ضرور ہے مگر ہمارے لیے پریشانی کی بات نہیں کیونکہ ہم اس طرح کے مسائل سے طاقت سے نمٹنا جانتے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
