اسرائیلی فوجیوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینی نوجوانوں کو محض اس لیے گرفتار کرلیا ہے کہ وہ سنہ 1948 ء کے مقبوضہ فلسطین میں اپنے ایک دوست کی شادی میں شرکت کے لیے جار رہے تھے۔
جنین سے مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کوبتایا کہ قابض فوجیوں نے اتوار کے روز 25 سالہ زیاد عمرثمان عبید اور 21 سالہ غسان ابو غرہ کو عکا شہرمیں اپنے ایک دوست کی شادی کی تقریب میں شرکت کی غرض سے سنہ 1948 ء کے علاقوں میں داخل ہونے پر حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے جانے کے بعد دونوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے نوجوانوں نے قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی بلکہ ان کی گرفتاری قطعا بلا جواز اورصہیونی فوج کی کھلم کھلا غنڈہ گردی ہے۔ دونوں فلسطینی اپنے ایک مشترکہ دوست کی شادی میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
