(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے یہودی آبادکاروں کی ایک کار تباہ ہوگئی تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار کی ویب سائیٹ پرجاری ایک خبرمیں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز جنوبی الخلیل میں سڑک کے کنارے نصب دیسی ساختہ بم پھٹنے سے یہودی آباد کاروں کی کار کو بری طرح نقصان پہنچا تاہم دھماکے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اسرائیلی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ بم دو نقاب پوش فلسطینیوں نے عاتنئیل کے مقام پرنصب کیا تھا جسے ریمورٹ کنٹرول کی مدد سے اڑایا گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں قریب سے گذرنے والی ایک کار کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیلی فوج نے واقعے کے بعد کریات اربع کی طرف جانے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کرکے مشتبہ فلسطینیوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔ آخری اطلاعات تک کسی شخص کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
