سلفیت (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں گزشتہ روز سیکڑوں صیہونی آباد کاروں نے غرب اردن میں تاریخی مقامات اور جلیل القدر انبیائے کرام کے مزارات پر دھاوے بولے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو سیکڑوں صیہونی آباد کاروں نے سلفیت میں کفل حارس کے مقام پر مقدس مقامات پر دھاوا بولا اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں بے حرمتی کی گئی۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کے گھروں کو فوجی چوکیوں میں تبدیل کردیا اور گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر یہودیوں کو سیکیورٹی فراہم کی گئی۔
اسرائیلی فوجیوں نے شہریوں کو گھروں سے نکلنےسے روک دیا جب کہ صیہونی آباد کاروں کو بسوں کے ذریعے تاریخی مقامات تک پہنچایا گیا۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کفل حارس میں 600 صیہونی آباد کاروں نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے دھاوا بولا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صیہونی آباد کاروں نے کفر حارس میں مساجد اور دیگر تاریخی مقامات اور انبیائے کرام کے مزارات پر بھی دھاوے بولے۔
خیال رہے کہ کفل حارس کےمقام پر کئی انبیائے کرام جن میں ذوالکفل، یوشع بن نون، کے مزارات موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ذی الیسع، بنات یعقوب اور دیر بجال جیسے مقدس اور تاریخی مقامات واقع ہیں۔