مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین میں سرکاری سطح پر جاری کردہ اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران 30 ہزار صیہونی آباد کاروں نے قبلہ اوّل میں داخل ہو کرمذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کے شعبہ اطلاعات کے انچارج فراس دبس نے بتایا کہ یکم جنوری 2018ء سے اب تک 29900 صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی۔
الدبس نے کہا کہ گذشتہ برس کی نسبت رواں سال 4 ہزار زیادہ صیہونی قبلہ اوّل میں داخل ہوئے۔
خیال رہے کہ فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے صیہونی آباد کاروں کو دھاوؤں سے روکنے کے لیے بار بار مطالبات کرتے رہے ہیں مگر اسرائیلی پولیس نے فلسطینی محکمہ اوقاف کے مطالبات پر کوئی کان نہیں دھرے۔
اس کے برعکس اسرائیلی پولیس صیہونی آباد کاروں کو مراکشی دروازے سے قبلہ اوّل میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرتی اور صیہونیوں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کرتی رہی ہے۔